ویب ڈیسک: غزہ پر اسرائیل کے ڈرون حملوں میں مزید 13 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ ذرائع کےمطابق اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ تازہ ڈرون اور فضائی حملوں میں مزید 13 فلسطینی شہید ہو گئے، جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں شہدا کی تعداد 50 ہو گئی۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ پر اسرائیل کے ڈرون حملوں میں مزید 13 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ عید کے ایام کے دوران کم از کم 400 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
اسرائیلی حملوں کا ہدف اس بار بھی پناہ گزیں کیمپ، رہائشی عمارتیں اور ہسپتالوں کے نزدیک علاقے بنے، غزہ میں مجموعی شہدا کی تعداد 54 ہزار 930 ہو چکی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 26 ہزار 600 سے تجاوز کر گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق شہید ہونے والوں میں متعدد خاندان مکمل طور پر صفحہ ہستی سے مٹا دیے گئے۔
ریڈ کراس نے غزہ میں موجود ہسپتالوں کو فوری تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے، اور کہا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے طبی نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے اور مریضوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی ممکن نہیں رہی۔
