ہماری تحریک آئین و قانون

ہماری تحریک آئین و قانون بالادستی، بے گناہ قیدیوں کی رہائی کیلئےہوگی،سدقیصر

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہماری تحریک آئین و قانون کی بالادستی، بے گناہ قیدیوں کی رہائی کیلئے ہوگی، اس میں علماء بھی ہمارا ساتھ دیں۔
تفصیلات کے مطابق مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف اسد قیصر نے جواہر الاسلام مدرسہ سلیم خان صوابی کا دورہ کیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ رجیم چینج کہاں سے آئی، سب کو معلوم ہے، آج اگر پوری دنیا عمران خان کے خلاف ہے تو اس کی وجہ صرف ان کا اسلاموفوبیا کے خلاف جرأت مندانہ اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اقوامِ متحدہ میں مسلمانوں کا مقدمہ پوری قوت سے پیش کیا اور دنیا کو بتایا کہ جب حضور ﷺ کی شان میں گستاخی کی جاتی ہے تو پوری امتِ مسلمہ کو دکھ پہنچتا ہے، انہی کی کوششوں سے پہلی بار یہ اصول تسلیم کیا گیا کہ ایسی گستاخی آزادیٔی اظہار کے دائرے میں نہیں آتی۔
اسد قیصر نے کہا کہ 2022 میں جب امریکا نے افغانستان کے خلاف نئے اڈوں کی بات کی تو پیٹرن اِن چیف نے واضح الفاظ میں کہا "Absolutely not”، ہماری پالیسی بالکل واضح ہے کہ پاکستان ایک خودمختار ملک ہے، نہ ہم کسی دوسرے ملک میں مداخلت کرتے ہیں اور نہ ہی کسی کو اپنے معاملات میں مداخلت کی اجازت دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک آئین و قانون کی بالادستی، بے گناہ قیدیوں کی رہائی کیلئے ہوگی، اس تحریک کا مقصد عدلیہ کی آزادی، پارلیمان کی خودمختاری بھی ہے، 26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ مفلوج ہو چکی ہے اور پارلیمان میں وہ نمائندے نہیں بیٹھے جو عوام کا اصل مینڈیٹ رکھتے ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کسی اور کو پڑتا ہے اور جیت کسی اور کی ہوتی ہے۔ انہوں نے علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے اس ناانصافی کے خلاف ہماری جدوجہد کا ساتھ دیں اور پیٹرن اِن چیف کی رہائی کے لیے مل کر کوشش کریں۔ ہم اس ملک کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں اور مدینہ کی ریاست ہمارے منشور کا اہم ترین جزو ہے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل کے مظالم کیخلاف دنیا بھر سے گلوبل مارچ ٹو غزہ شروع