ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں حادثات کے باعث بچے سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 56 زخمی ہو گئے۔ یہ حادثات صوبائی دارالحکومت پشاور کے مضافاتی علاقے بڈھ بیر سمیت سوات اور چارسدہ کے اضلاع میں پیش آئے۔
ضلع سوات کی تحصیل کبل کے علاقے شاہ ڈھیرئی میں باراتیوں کی گاڑی حادثے کا شکاور ہوگئی، اس افسوسناک حادثے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کر دی گئی۔
ریسکیو کی جانب سے 6 شدید زخمی سیدو شریف ہسپتال ریفر کر کے باقی کو کبل ہسپتال منتقل کر دیا گیا، حادثے کی وجہ تیز رفتاری کو قرار دیدیا گیا ہے، پولیس نے تحقیقات شروع کر دی۔
دوسری طرف پشاور کے مضافاتی علاقے زنگلی بڈھ بیر میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، خان ولی نامی شخص کے گھر میں سلنڈر دھماکہ ہونے سے 3 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملنے پر ایمبولینس موقع پر پہنچ گئی، اور ریسکیو میڈیکل ٹیم نے 3 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے ہسپتال منتقل کردیا، زخمی ہونے والوں میں 44 سالہ خان ولی، 22 سالہ کامران اور 14 سالہ حمزہ شامل ہیں۔
ادھر ضلع چارسدہ کے خان ماہی پولیس سٹیشن کی حدود میں حادثہ پیش آیا ، جس میں موٹر کار اور موٹر سائیکل آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجہ میں موٹر سائیکل پر والدین کے ساتھ سوار بچہ جان بحق ہو گیا جبکہ والدین شدید زخمی ہو گئے۔
ریسیکو اور پولیس کی جانب سے مشترکہ آپریشن کیا گیا، جس میِں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ ایس ایچ او خان ماہی عرفان خان کے مطابق جاں بحق بچہ ورثاء کے حوالے کر دیا گیا، موٹر کار ڈرائیور کو خان ماہی پولیس نے حراست میں لے لیا۔
دوسری طرف مانسہرہ سبزی منڈی کے قریب سی پیک پر تیز رفتاری کے باعث ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جس میں 16 افراد شدید زخمی ہو گئے، زخمیوں میں بچے، جوان اور خواتین شامل ہیں۔
مقامی افراد کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش ایا جس میں تین گاڑیاں اپس میں ٹکرا کر نالے میں الٹ گیئں، حادثے کا شکار ہو نے والی گاڑیوں میں کوسٹر ایکس ایل ائی اور الٹو موٹر کار شامل ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے مقامی افراد نے کنگ عبداللہ ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔
ادھر سوات میں مٹہ کے علاقہ بالاسور میں پک اپ گاڑی بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری، جس سے ایک خاتون جاں بحق، بچوں سمیت 17 افراد زخمی ہو گئے، جنہیں فوری علاج معالجہ کیلئے مٹہ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گاڑی کالام سے واپسی پر بالاسور میں حادثہ پیش ایا، زخمی افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں حادثات کے باعث بچے سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 56 زخمی ہو گئے۔ یہ حادثات صوبائی دارالحکومت پشاور کے مضافاتی علاقے بڈھ بیر سمیت سوات اور چارسدہ کے اضلاع میں پیش آئے۔
