3لاکھ 90 ہزار نان فائلرز کی

بجٹ 26-2025: 3لاکھ 90 ہزار نان فائلرز کی نشاندہی،جعلی ری فنڈکلیمزبلاک

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر محمد اورنگزیب نے بجٹ تقریر کے دوران کہا کہ 3لاکھ 90 ہزار نان فائلرز کی نشاندہی کی گئی ہے، چینی کے شعبہ سے محصولات میں 47 فیصد اضافہ ہوا، یکم جولائی سے 800کالم والا ریٹرن سادہ فارمیٹ کردیا جائے گا، جس میں 7 بنیادی معلومات درکار ہوں گی۔
قومی اسمبلی اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، جنہوں نے دشمن کو موثر اور بھرپور جواب دیا، اس کی وجہ سے عالمی برادری میں پاکستان کا وقار بلند ہوا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ہماری توجہ معاشی استحکام اور ترقی کی جانب مرکوز ہے، عوام کی فلاح کو یقینی بنانا ہے، حکومت نے اصلاحات اور ترقی کا سفر کامیابی سے طے کیا ہے، ہماری ترجیح ایسی معیشت ہے، جو ہر طبقے کو سہولت دے، گزشتہ سال معیشت کی بہتری کے لئے کئی کام کئے، جس کے تحت افراط زر 4.7 فیصد پر اگیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 2سال پہلے افراط زر 29.2 فیصد تک پہنچ چکی تھی، روپے کی قدر میں استحکام ہے، ترسیلات 31.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ رواں مالی سال ترسیلات کا حجم 37 سے 38 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا، رواں مالی سال زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ اقتصادی بہتری کےلئے سخت فیصلے کرنا پڑے، جس سے بزنس کانفیڈنس انڈیکس میں بہتری آئی ہے، فچ نے ریٹنگ ٹرپل سی مثبت سے بڑھا کر منفی بی کردیا، اور ٹیکس گیپ کا تخمینہ 55 کھرب روپے لگایا گیا، یہ صورت حال قطعی نا قابل قبول تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیمنٹ، کھاد، مشروبات اور ٹیکسٹائل پر ڈیجیٹل پروڈکشن ٹریکنگ کا آغاز کیا جارہاہے، سیلز اور انکم ٹیکس کے لئے آرٹیفشل انٹیلیجنس پر مبنی نظام لایا جارہاہے، چینی کے شعبہ سے محصولات میں 47 فیصد اضافہ ہوا، 3لاکھ 90 ہزار نان فائلرز کی نشاندہی کی گئی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ 9 اعشاریہ 8 ارب روپے کے جعلی ری فنڈ کلیمز کو بلاک کیا گیا، جبکہ یکم جولائی سے 800کالم والا ریٹرن سادہ فارمیٹ کردیا جائے گا، جس میں 7 بنیادی معلومات درکار ہوں گی، دوسری طرف آئی پی پیز سے معاہدوں سے 3000 ارب روپے کی بچت ہوگی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیز کے نقصانات میں 140ارب روپے کمی کی جس کا فائدہ آگے چل کر سب دیکھ لیں گے۔

مزید پڑھیں:  پشاور: خیبرپختونخوا ڈاکٹر کونسل کا ہیلتھ سیکرٹریٹ میں مطالبات کے حوالے سے جرگہ