ویب ڈیسک: بجٹ 26-2025 کے دوران کارپوریٹ سیکٹر کیلئے نئے بجٹ میں ریلیف کا فیصلہ کرتے ہوئے جائیداد کی خریداری پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں کمی کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بجٹ 26-2025 میں سالانہ بیس کروڑ سے پچاس کروڑ آمدنی پر سپر ٹیکس میں 0 اعشاریہ 5 فیصد کمی اور اس کے ساتھ ہی جائیداد کی خریداری پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں کمی کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق ودہولڈنگ ٹیکس 4 فیصد سے کم کر کے اڑھائی فیصد کر دیا گیا، جبکہ دوسرے سلیب میں 3 اعشاریہ 5 فیصد سے کم کر کے 2 فیصد کر دیا گیا، تیسرے سلیب میں 3 فیصد سے کم کر کے ودہولڈنگ ٹیکس 1 اعشاریہ 5 فیصد کر دیا گیا۔
اس کے علاوہ رواں مالی سال کے بجٹ میں کمرشل جائیدادوں، پلاٹوں اور گھروں کی ٹرانسفر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے۔ گزشتہ بجٹ میں 7 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کی گئی تھی، تاہم اس دوران دس مرلہ تک کے گھروں اور دو ہزار مربع فٹ کے فلیٹس پر ٹیکس کریڈٹ کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے، دوسری طرف حکومت کا مورگیج فنانسنگ کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ بجٹ خطاب میں وفاقی وزیر نے بتایا ہے کہ اسلام آباد میں پراپرٹی خریداری پر سٹامپ پیپر ڈیوٹی 4 فیصد سے کم کر کے 1 فیصد کر دی گئی ہے۔
