ویب ڈیسک: وفاق کیساتھ کشیدگی کے باعث رواں مالی سال خیبرپختونخوا کو 266ارب روپے کم ملنے کا خدشہ ہے، وفاق نے ہدف سے زائد ٹیکس اکٹھا کیا ہے تاہم اس کے باوجود صوبے کو دیگر مدوں میں کم ادائیگی کی وجہ سے 266ارب روپے کم ملنے کا امکان ہے۔
محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا کی دستاویز کے مطابق وفاق سے امسال ایک ہزار 371ارب روپے ملنے کا تخمینہ لگایا گیا تھا، مالی سال کے پہلے 10ماہ کے دوران صوبے کو 921 ارب 23کروڑ روپے مل سکے ہیں، جبکہ باقی مانندہ دو ماہ میں مزید 184ارب 25کروڑ روپے ملنے کا امکان ہے۔
وفاق سے ملنے والی رقم ایک ہزار 105ارب روپے ہوسکتی ہے، جو تخمینہ سے 19فیصد یعنی 266ارب روپے کم ہے، دستاویز کے مطابق ونڈ فال لیوی کی مد میں 97ارب،براہ راست ٹیکس کی مد میں 83ارب،پن بجلی خالص منافع بقایاجات کی مد میں 46ارب، پن بجلی خالص منافع کی مد میں 33ار ب جبکہ دہشتگردی کیخلاف جنگ کی مد میں ملنے والی رقم میں 10ارب کم ملنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔
