ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا پر قرض 709ارب ہو گیا، اس حوالے سے جاری ششماہی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 6ماہ میں 23ارب قرض واپس کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا پر قرض 709 ارب روپے تک پہنچ گیا، سب سے زیادہ قرض ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں 216ارب سے تجاوز کرگیا ہے۔
محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری قرض کی تفصیلات کے مطابق 31دسمبر 2024ء تک خیبر پختونخوا کا کل بین الاقوامی قرض 709ارب 61کروڑ روپے ہوگیا ہے جو 18شعبوں کے مختلف منصوبوں کیلئے بین الاقوامی امدادی اداروں سے لیاگیا ہے۔
سب سے زیادہ قرض ٹرانسپورٹ کے شعبہ کا 216ارب دو کروڑ، خزانہ کا 95ارب 30کروڑ، توانائی و برقیات کا 84ارب 50کروڑ، اکنامک ڈویلپمنٹ کا 81ارب 93کروڑ، واٹر اور اربن انفراسٹرکچر کا 50ارب 39کروڑ، زراعت کا 43ارب 15کروڑ، دیہی ترقی کا 25ارب 58کروڑ، ریجنل ترقی کا 22ارب 43کروڑ، آبپاشی کا 30ارب 81کروڑ، صحت کا 20ارب تین کروڑ، سیاحت کا 13ارب 31کروڑ جبکہ تعلیم کا کل قرض 10ارب 67کروڑ تک پہنچ گیا ہے۔
ششماہی رپورٹ کے مطابق صوبائی حکومت نے مالی سال کے پہلے 6ماہ میں 23ارب 94کروڑ روپے کا قرض واپس کیا ہے جس میں 15ارب 7کروڑ پرنسپل ادائیگی جبکہ 8ارب 86کروڑ روپے سود کی مد میں ادا کئے گئے ہیں۔ یاد رہے خیبرپختونخوا پر قرض 709ارب ہو گیا، اس حوالے سے جاری ششماہی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 6ماہ میں 23ارب قرض واپس کر دیا گیا ہے۔
