ویب ڈیسک: سٹاک ایکسچینج میں تاریخ رقم، ایک لاکھ 24 ہزار پوائنٹس کی حد عبور ، گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر انڈیکس 383 پوائنٹس اضافے کیساتھ ایک لاکھ 22 ہزار 24 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی بجٹ کے اگلے ہی روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تاریخ رقم ہو گئی، کاروباری ہفتے کے تیسرے دن 100 انڈیکس ایک لاکھ 24 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔ آج کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، اس دوران 1900 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ہی پی ایس ای میں ریکارڈ بن گیا ، جس کے تحت 100 انڈیکس ایک لاکھ 24 ہزار 040 پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر انڈیکس 383 پوائنٹس اضافے کیساتھ ایک لاکھ 22 ہزار 24 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا، گزشتہ روز بھی سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا تھا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا تھا۔
