ویب ڈیسک: 2 اسرائیلی وزرا پر برطانیہ اور آسٹریلیا سمیت 5 ممالک کے دروازے بند، پابندیاں عائد کر دی گئیں۔
فلسطینیوں کے خلاف تشدد پر اکسانے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر برطانیہ اور آسٹریلیا سمیت 5 یورپی ممالک نے اسرائیل کے 2 انتہاپسند وزرا پر پابندیاں عائد کر دیں۔
برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا، نیوزی لینڈ اور ناروے نے اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر اور وزیر خزانہ بیزلیل اسموتریچ پر پابندیاں عائد کی ہیں۔ برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لامی نے کہا ہے کہ یہ اقدام ’فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے لیے سلامتی، وقار اور خطے میں دیرپا استحکام کی ضمانت دینے کا واحد راستہ ہے۔
دونوں وزرا مسلسل بین الاقوامی امداد کو غزہ میں داخل ہونے سے روکنے کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ اتمار بن گویر نے حال ہی میں کہا تھا کہ اسرائیل کو ’غزہ کے رہائشیوں کی رضاکارانہ ہجرت کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے‘ جبکہ اسموتریچ نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ ’غزہ مکمل طور پر تباہ کر دیا جائے گا۔
