تحریک انصاف اور اتحادی اس بجٹ

تحریک انصاف اور اتحادی اس بجٹ کو مسترد کرتے ہیں، عمر ایوب

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف اور اتحادیوں نے وفاقی بجٹ مسترد کردیا، قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی اور اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور اتحادی اس بجٹ کو مسترد کرتے ہیں۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور اتحادی اس بجٹ کو مسترد کرتے ہیں، جی ڈی پی کی گروتھ 2 اعشاریہ 7 فیصد ہو ہی نہیں سکتی۔
پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو کوئی رعایت نہیں دی گئی، بینکوں میں پیسوں پر 20 فیصد ٹیکس لگادیا گیا ہے، پیٹرولیم لیوی اور کاربن لیوی کو بڑھا دیا گیا۔
شبلی فراز نے کہا کہ بجٹ میں غریبوں کا خون چوس کر اشرافیہ کو پلایا جارہا ہے، مسلط حکومت نے ریکارڈ توڑ دیے، یہ افراد وہ ہیں جو فارم 47 پر پارلیمان میں ہیں، عوام نے انھیں نہیں بھیجا، مراعات یافتہ طبقے کو 5 کھرب روپے کی ٹیکس چھوٹ دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے 175 کھرب سے زائد کا بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کردیا، جس کی مخالفت میں صدائیں بلند ہونا شروع ہو گئی ہیں۔

مزید پڑھیں:  جنگی مجرم نیتن یاہو نے امریکی خارجہ پالیسی یرغمال بنا لی، ایران