تحریک میں سب آر یا پار

اس بار تحریک میں سب آر یا پار ہو جائیگا، اوورسیز بانی کیساتھ ہیں، علی امین گنڈاپور

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ اس بار تحریک میں سب آر یا پار ہو جائیگا، 76سال کی فرعونیت جلد ختم ہو جائے گی، جبکہ اوورسیز بانی کیساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی کھل کر احتجاج کریں، ہم ان کے ساتھ ہیں، اوورسیز کو تو یہ گولیاں بھی نہیں مار سکتے، اس لیے کھل کر اپنی آواز بلند کریں، 26ویں ترمیم سے عدلیہ پر مارشل لا لگا دیا گیا ہے، ادارے کیا کر رہے ہیں، سب کے سامنے ہے، ان کی جلد فرعونیت ختم ہوجائے گی، 76 سال کی فرعونیت جلد ختم ہو جائے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وکیل صاحب نے آج ڈرامہ لگایا، کہتے ہیں کہ ہمیں آج کیس کا علم ہی نہیں، آج جج صاحب چھٹی پر چلے گئے، آنے والے دنوں میں بھی انہوں نے ایسے ہی بہانے کرنے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک جھوٹا کیس ہے، اس کیس میں کچھ بھی نہیں، ہم اپنا آئینی حق سڑکوں پر لے سکتے ہیں، آخری مرتبہ ہم پر گولیاں چلائی گئیں، انہوں نے خصوصی طور پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا میری گولیوں والی بات کاٹ دیتا ہے، میں کہ رہا ہوں، میری یہ بات بھی چلاؤ، آپ کے پاس ہتھیار ہیں تو اس بار ہم بھی ہتھیار ساتھ لے کر آئیں گے۔
علی امین نے کہا کہ اوورسیز بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، بانی پی ٹی آئی ملک کی عزت و وقار کی آواز بن رہے ہیں، اس لئے اوورسیز پاکستانی ان سے پیار کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی قوم کے لیے کھڑے ہیں۔ عمران خان جھکنے والا ہے نہ ڈیل کرنے والا ہے، بانی پی ٹی آئی جیل میں بنی گالہ سے بھی زیادہ مضبوط ہے، اس بار تحریک میں سب آر یا پار ہو جائیگا۔

مزید پڑھیں:  لاس اینجلس مظاہروں میں شدت، مرکزی علاقے میں ایمرجنسی کرفیو نافذ