ڈاکٹرشوکت کی عبوری ضمانت منظور

پشاور :سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹرشوکت کی 23جون تک عبوری ضمانت منظور

ویب ڈیسک: پشاور کی سیشن کورٹ نے سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹرشوکت کی 23جون تک عبوری ضمانت منظور کرلی ۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن لیاقت علی نے سابق ڈی جی ہیلتھ خیبر پختونخوا ڈاکٹر شوکت کی عبوری ضمانت کے لئے دائردرخواست پر سماعت کرتے ہوئے اینٹی کرپشن کو سابق ڈی جی ہیلتھ کی گرفتاری سے روک دیا۔
سماعت کے دوران وکیل درخواست بابر خان یوسف زئی ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن نے 13سال پرانے کیس میں سابق ڈی جی ہیلتھ کے خلاف مقدمہ درج کیا اورگزشتہ رات سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شوکت کے تیمرگرہ اور پشاور میں گھر پر چھاپے مارے۔
وکیل بابر خان یوسفزئی نے مزید بتایا کہ سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شوکت کے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمہ اور انکوائریز شروع ہیں اور انہیں ہراساں کیا جارہا ہے، جو مقدمہ درج کیا گیا ہے اس میں درخواست گزار نے کوئی ذاتی فائدہ نہیں لیا،دوہری تنخواہ دیگر دو ڈاکٹرز نے لی ہیں جبکہ مقدمہ میں درخواست گزار کو نامزد کیا گیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے پہلے ہی درخواست گزار کو ہراساں نہ کرنے کا حکم دیا ہے لیکن اس کے باوجود سوشل میڈیا پر بھی درخواست گزار کی کردار کشی کی جارہی ہے اور تیمر گرہ میڈیکل کالج سے متعلق درخواست گزار کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے عدالت کوبتایا کہ درخواست گزار کے خلاف ڈرگ مافیا سرگرم ہے اور انہیں بے بنیاد تنگ کیا جا رہا ہے ۔
دلائل سننے کے بعد عدالت نے سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شوکت کو 23جون تک عبوری ضمانت دیتے ہوئے اینٹی کرپشن سے ریکارڈ طلب کر لیا ۔

مزید پڑھیں:  سولرپینل کازیادہ استعمال، گرڈ سے بجلی کی کھپت میں کمی پرحکومت پریشان