بھارتی وزیر خارجہ کے بیانات مسترد

پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے اشتعال انگیز بیانات مسترد کر دیئے

ویب ڈیسک: پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے اشتعال انگیز بیانات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو دوسروں پر الزامات عائد کرنے کے بجائے اپنی دہشت گردی، تخریب کاری اور ہدف وار قتل و غارت گری میں ملوث ہونے پر غور کرنا چاہیے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت اشتعال انگیزی سے باز رہے، بھارت مسلسل جھوٹا بیانیہ گھڑنے میں مصروف ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے بیان میں کہا کہ پاکستان بھارتی وزیر خارجہ کے اشتعال بیانات کو سختی سے مسترد کرتا ہے، اعلیٰ سفارت کاروں کی گفتگو کا مقصد اشتعال انگیز جملے بازی کے بجائے امن و ہم آہنگی کو فروغ دینا ہونا چاہیے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان پر الزامات لگا کر بھارت اپنی ناکامی چھپا نہیں سکتا، مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر کو چھپایا نہیں جا سکتا،بھارت کو اپنی سرحد پار دہشت گردی پر غور کرنا چاہئے، پاکستان امن، مذاکرات اور سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے۔
پاکستان نے بھارت کو انتباہ کیا کہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے، بھارت کا بیانیہ ناکام فوجی مہم کے بعد کی مایوسی کا عکاس ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی قیادت پاکستان سے متعلق جنون ترک کرے، تاریخ بلند آواز والوں کو نہیں، دانائی سے کام لینے والوں کو یاد رکھتی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی، مکالمے اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے، تاہم وہ کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی خودمختاری کے دفاع کے عزم اور صلاحیت میں پرعزم ہے، جیسا کہ گزشتہ ماہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ حملوں کے بعد پاکستان کے مثر جواب سے ظاہر ہوا۔
شفقت علی خان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بیانیہ اس کی مایوسی کو ظاہر کرتا ہے، یہ مایوسی اسے پاکستان کے خلاف ایک ناکام عسکری مہم کے بعد ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں:  بڑھتی غربت بینظیر انکم سپورٹ جیسے پروگرام کی ناکامی کا ثبوت ہے، حافظ نعیم