موجودہ بجٹ کسان دشمن

موجودہ بجٹ کسان دشمن ،کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا: شیخ وقاص اکرم

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے زراعت دشمن پالیسیوں پر حکومت پر برس پڑے، کہا موجودہ بجٹ دراصل کسان دشمن بجٹ ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ موجودہ بجٹ دراصل کسان دشمن بجٹ ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا، اس بجٹ میں کسان پیکیج نہیں رکھا گیا، کسان کو کھاد ٹریکٹر کی سہولیات فراہم نہیں کی گئی، ملک میں زراعت کی گروتھ کم ہو رہی ہے، جو کسان دشمن ہے وہ درحقیقت پاکستان کا دشمن ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں نے آج نفع بخش فصلوں کو شدید بحران سے دوچار کردیا، کسانوں کو نظر انداز کرکے معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کو توڑا جارہا ہے۔
شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ کپاس کی پیداوار میں 34 فیصد کمی ہوئی ہے، ملک میں کسانوں کو چیلنجز کا سامنا ہے، مکئی کی پیداوار 14 فیصد نیچے چلی گئی، گندم کی پیداوار میں کمی آئی ہے، اس وقت ملک میں زراعت کو چیلنجز کا سامنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اکنامک سروے میں جھوٹ بول رہی ہے، ملک میں زرعی بحران پیدا ہورہا ہے، زرعی بحران کی وجہ کسان دشمن پالیسیاں ہیں، اس وقت لینڈ مافیا کو فروغ دیا جا رہا ہے، کسانوں کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے، زراعت کے شعبوں میں اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، ہم پوچھتے ہیں اس اربوں روپے کے نقصان کا ذمہ دار کون ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا ہم کپاس کی برآمدات پر فخر کرتے تھے، آج کپاس بھی بحران کا شکار ہے، وزیر خزانہ سرکاری ملازمین کوبیٹھا کر پریس کانفرنس کر رہے تھے، گنے کی فصل بھی بحران کا شکار ہے۔
سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک میں آم کی پیداوار میں 75 فیصد کمی ہوئی ہے، زراعت کی گروتھ 6.2 سے کم ہوکر 0.5 ہوگئی، اب دیکھنا ہوگا کہ کسان کہ لاگت کیا آ رہی ہے، حکومت کو دیکھنا ہوگا کسان کیا بچا رہا ہے، ٹریکٹر کی پروڈکشن میں کمی آگئی ہے، کم پروڈکشن کی وجہ سیٹریکٹر قیمت میں اضافہ ہورہا ہے۔

مزید پڑھیں:  بجٹ: نیشنل ٹیرف پالیسی کے تحت پرانی گاڑیاں سستی کرنے پرغور