ویب ڈیسک: سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کسی ایک جماعت کی جاگیر نہیں، پنجاب حکومت کا رویہ متکبرانہ اور سیاسی حق تلفیوں پر مبنی ہے، اور پنجاب حکومت نفرت اور تقسیم در تقسیم کی سیاست کو ہوا دینے لگی ہے جو افسوسناک امر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے، اور کسی تقسیم در تقسیم کی پالیسی کی قائل نہیں، انہوں نے اپنی بات دہرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی بات کی تو کیا غلط کہا؟ کیا بلدیاتی انتخابات کا مطالبہ آئین کے خلاف ہے؟ کیا پنجاب میں عوام کو ان کا بنیادی حق دلانا جرم ہے؟
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی وفاقی جماعت ہے صرف سندھ تک محدود نہیں، پیپلزپارٹی پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا مطالبہ کرتی رہے گی، پنجاب کے عوام کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتے، انہیں اپنی سوچ بدلنی ہوگی، پنجاب کسی ایک جماعت کی جاگیر نہیں۔
