ترقیاتی فنڈز میں 150 ارب روپے

خیبرپختونخوا، رواں مالی سال ترقیاتی فنڈز میں 150 ارب روپے کی کٹوتی

ویب ڈیسک: رواں مالی سال ترقیاتی فنڈز میں 150 ارب روپے کی کٹوتی کے باعث ترقیاتی منصوبوں کے مقرر کردہ اہداف کا حصول مشکل نظر آنے لگا ہے۔
تفسیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت ایک بار پھر اپنے تجویز کردہ ترقیاتی فنڈز کو مکمل طور پر استعمال نہیں کرسکی، صوبائی حکومت مئی اور جون میں 100ارب سے زائد ترقیاتی فنڈز خرچ کرنے کیلئے پرامید ہے تاہم اس کے باوجودرواں برس وفاقی حکومت کے ساتھ جاری چپقلش کے باعث فنڈز کی کمی کا سب سے بڑا اثر ترقیاتی منصوبوں پر پڑا ہے۔
صوبائی حکومت 416ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز میں مالی سال کے اختتام تک 271ارب روپے خرچ کرنے کیلئے کوشاں ہے، تاہم یہ ہدف بھی حاصل کرنا مشکل ہوگا، جس میں مجموعی طور پر ڈیڑھ سو ارب روپے تک کی کٹوتی کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے بندوبستی اضلاع کیلئے 297ارب روپے کا ترقیاتی فنڈز مختص کیا گیا تھا، جس پر مالی سال کے پہلے 10ماہ میں 134ارب 58کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں، جبکہ صوبائی حکومت پرامید ہے کہ دو ماہ کے اندر مزید 82ارب روپے خرچ کرلئے جائیں گے۔
یہ اقدام انتہائی مشکل ہے کیونکہ اگر حکومت یہ رقم خرچ کرنے میں کامیاب ہوگئی تو بندوبستی اضلاع میں 217ارب کے ترقیاتی فنڈز خرچ کرلئے جائیں گے، اس کے باوجود مختص فنڈز میں80ارب روپے کی کٹوتی کی جائیگی ۔
صوبائی حکومت نے قبائلی اضلاع کیلئے 119ارب روپے سے زائد کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا تھا جس میں مالی سال کے پہلے 10ماہ کے دوران صرف 32ارب 87کروڑ خرچ ہوسکے ۔

مزید پڑھیں:  نوشہرہ میں‌ زمین کے تنازعہ پر فائرنگ ، 2 بھائی جاں بحق