ویب ڈیسک: موسمیاتی تغیر پذیری سے پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹنے کیلئے خیبرپختونخوا میں کلائمیٹ ایکشن بورڈ کے قیام کا فیصلہ کر لیا گیا، جو جاری منصوبوں پر بھی نظر رکھے گی۔
تفصیلات کےمطابق صوبائی اسمبلی نے خیبر پختونخوا میں موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے ایک مرکزی ادارہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس فیصلے کے تحت خیبر پختونخوا کلائمیٹ ایکشن بورڈ ایکٹ 2025 کے تحت ایک بورڈ تشکیل دیا جائے گا جو موسمیاتی تبدیلی سے متعلق تمام منصوبوں کی منصوبہ بندی، نگرانی اور عملدرآمد کرے گا۔
بل کی اہم دفعات کے مطابق یہ قانون پورے خیبر پختونخوا میں نافذ ہوگا اور بورڈ کا مقصد موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنا، گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی لانا اور پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہوگا، اس قانون کے تحت کلائمیٹ ایکشن یا موسمیاتی اقدامات سے مراد وہ تمام منصوبے یا سرگرمیاں ہیں جو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کو کم کرنے، تحقیق کو فروغ دینے اور عوامی آگاہی بڑھانے کیلئے کی جائیں یہ قانون فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
