اعضاء عطیہ کرنیوالے جواد خان

حکومت کا اعضاء عطیہ کرنیوالے جواد خان کو خراج تحسین ،تقریب انعقاد کا اعلان

ویب ڈیسک: حکومت کا اعضاء عطیہ کرنیوالے جواد خان کو خراج تحسین، 17جون کو ایک تقریب منعقد کر نے کا اعلان کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق میڈیکل ٹرانسپلانٹ ریگولیٹری اتھارٹی نے پانچ اعضاء عطیہ کرنیوالے 14سالہ طالب علم جواد خان کے خاندان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے 17 جون کو ایک تقریب منعقد کر نے کا اعلان کیا ہے، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے صحت احتشام علی نے مشرق کو بتایا کہ یہ تقریب خاندان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے منعقد کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جواد خان کے خاندان کو اعضاء عطیہ کرنے اور زندگیاں بچانے پر خراج تحسین پیش کرے گی، انہوں نے کہا کہ حکومت اعضا ء عطیہ کرنے والوں کو مالی مدد فراہم کرے گی تاکہ عطیہ دہندگان کی حوصلہ افزائی ہو اور اعضاء کی غیر قانونی تجارت پر روک لگائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت یہ یقینی بنانا چاہتی ہے کہ لوگ اعضاء عطیہ کرنا شروع کریں کیونکہ حکومت پہلے ہی صحت کارڈ پلس کے تحت لوگوں کو مفت اعضاء عطیہ کی سہولیات فراہم کر رہی ہے جس کیلئے حکومت کو عطیہ دہندگان کی ضرورت ہے کیونکہ زیادہ تر لوگ اعضا ء کی دستیابی نہ ہونے کی وجہ سے ٹرانسپلانٹ نہیں کروا پاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو گردے اور قرنیہ کی ٹرانسپلانٹ سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں ٹرانسپلانٹ ٹاور قائم کرنے پر کام جاری ہے جہاں لوگوں کو مفت بون میرو، گردے اور جگر کی ٹرانسپلانٹ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کیلئے 500 ملین روپے مختص کئے جا چکے ہیں اور وزیراعلیٰ نے مزید رقم جاری کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے تاکہ خدمات جلد از جلد شروع کی جا سکیں۔

مزید پڑھیں:  مخصوص نشستوں پر حلف برداری کیلئے خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس طلب