خیبرپختونخوا میں بجلی کا شدید بحران

خیبرپختونخوا میں بجلی کا شدید بحران، عوام کا صبر جواب دے گیا

ویب ڈیسک: صوبائِی دارالحکومت پشاور سمیت پورے خیبرپختونخوا میں بجلی کا شدید بحران پیدا ہو گیا ہے، جس سے عوام کا صبر جواب دے گیا، اور ایک طرف شدید گرمی تو دوسری طرف حکام کا نظرانداز کرنا عوام کو مشکلات سے دوچار کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں بجلی کا شدید بحران اور طویل ترین لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے، گرمی کی شدت میں اضافے کیساتھ ہی شہریوں کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں، جبکہ حکومتی وعدے محض کاغذی ثابت ہو رہے ہیں، عید کے موقع پر بھی بجلی کے اداروں نے لوڈشیڈنگ میں کوئی رعایت نہیں دی، حالانکہ تین دن کیلئے بجلی کی مسلسل فراہمی کا اعلان کیا گیا تھا۔
شدید گرمی میں عید کے موقع پر بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے خوشی کے لمحات تاریکی میں ڈوب گئے، پشاور، مردان، صوابی اور دیگر اضلاع میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی بجلی دی جا رہی ہے، جس نے نہ صرف گھریلو زندگی کو متاثر کیا ہے بلکہ کاروبار کو بھی تباہ کر دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق خیبر پختونخوا میں بجلی کا بحران بنیادی طور پر ٹرانسمیشن لائنز اور ٹرانسفارمرز کی خستہ حالی کی وجہ سے ہے، گرمی اور بارش کے موسم میں یہ نظام مکمل طور پر ناکام ہو جاتاہے، جس کے نتیجے میں طویل لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔
پیسکو کے اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں بجلی کی طلب پیداوار سے کہیں زیادہ ہے جبکہ بجلی چوری کا تناسب بھی تشویشناک حد تک زیادہ ہے، پیسکو نے پشاور کو مختلف زونز میں تقسیم کیا ہوا ہے جہاں کچھ علاقوں میں 8 گھنٹے جبکہ کچھ میں 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
شہر کے مرکزی علاقوں میں بھی صورتحال بہتر نہیں جس کی وجہ سے کاروباری حضرات شدید پریشان ہیں، دوسری جانب بجلی کے مسلسل بحران نے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز کر دیا ہے، اور اب ان کا صبر جواب دے گیا ہے، مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں جبکہ کئی مقامات پر عوام نے بجلی کے دفاتر کو نقصان پہنچایا ہے۔
شہریوں کے مطابق ہر ماہ بھاری بل ادا کرتے ہیں لیکن انہیں مناسب سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں، اس صورتحال میں ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر ٹرانسمیشن لائنز کو اپ گریڈ نہ کیا گیا اور بجلی چوری پر قابو نہ پایا گیا، تو یہ بحران مزید سنگین ہو سکتا ہے۔
عوام کی طرف سے مطالبہ ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور وفاقی حکومت فوری طور پر اس مسئلے پر توجہ دیں اور مستقل حل نکالیں، یہاں سوال یہ ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو کب تک بجلی کے بحران کا سامنا کرنا پڑے گا؟ کیا کبھی کوئی ایسا لیڈر آئے گا جو اس صوبے کو مستقل بنیادوں پر بجلی کے بحران سے نکالے گا؟ عوام کی طرف سے حکومت پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے اور اگر فوری اقدامات نہ اٹھائے گئے تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
یاد رہے کہ صوبائِی دارالحکومت پشاور سمیت پورے خیبرپختونخوا میں بجلی کا شدید بحران پیدا ہو گیا ہے، جس سے عوام کا صبر جواب دے گیا، اور ایک طرف شدید گرمی تو دوسری طرف حکام کا نظرانداز کرنا عوام کو مشکلات سے دوچار کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوا کی تاریخ کا پہلا بعد از مرگ اعضا کا عطیہ،وزیراعلیٰ ہاؤس میں خصوصی تقریب