ویب ڈیسک: کاروبار اور تجارت کی نگرانی کیلئے ون ونڈو پورٹل کے قیام کا فیصلہ کر لیا گیا۔ تفصیلات کےمطابق خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلی نے کاروبار، تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے ریگولیٹری نظام میں اصلاحات اور آسان کاروبار کے نام سے ون ونڈو پورٹل کے قیام کیلئے خیبر پختونخوا آسان کاروبار بل 2025 متعارف کرا دیا ہے۔
اس قانون کا مقصد صوبے میں کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنا، تمام ریگولیٹری اجازت ناموں کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منظم کرنا اور شفافیت و ذمہ داری کو یقینی بنانا ہے اہم دفعات کے مطابق آسان کاروبار پورٹل کے ذریعے کاروباری رجسٹریشن، لائسنس، سرٹیفیکیشن اور دیگر اجازت ناموں کا یکجا نظام متعارف ہوگا اور تمام متعلقہ سرکاری محکمے، ادارے اور ریگولیٹری باڈیز اس پورٹل سے لازمی طور پر منسلک ہوں گے۔
آسان کاروبار پورٹل پر آپریٹنگ یونٹ قائم کیا جائے گا جو اس پورٹل کی تیاری، دیکھ بھال اور ترقی کا ذمہ دار ہوگا یہ قانون پورے صوبے میں نافذ ہوگا اور حکومت ایک نوٹیفکیشن جاری کر کے اسے عملی طور پر نافذ کرے گی اس کے دیگر مقاصد میں کاروباری عمل کو تیز اور شفاف بنانا، سرمایہ کاروں اور تاجروں کیلئے ریگولیٹری رکائوٹوں کو کم کرنا، ڈیجیٹل نظام کے ذریعے بدعنوانی کا خاتمہ اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانا شامل بتائے گئے۔
