ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی، جس کی روشنی میں وزیراعظم تنخواہوں میں اضافے پر حتمی فیصلہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین سینیٹ اور سپیکر سمیت ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہیں بڑھنے کا بھی نوٹس لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے سپیکر اور چیئرمین سینیٹ سے رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیراعظم رپورٹ کی روشنی میں سپیکر قومی اسمبلی، ڈپٹی سپیکر چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے پر فیصلہ کریں گے۔ْ
یاد رہے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اور پنشن میں 7 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد سپیکر اور چیئرمین سینیٹ کی بھاری بھرکم تنخواہوں میں اضافے پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔
گزشتہ روز پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں پوچھے گئے ایک سوال پر وزیر خزانہ نے وزرا، ارکان پارلیمنٹ، چیئرمین اور سپیکر کا مشاہرہ بڑھنے کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی تنخواہوں میں 2016 سے اضافہ نہیں ہوا۔
