ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہےکہ فارم 47 کی حکومت عوام کو سڑکوں پر لانے پر مجبور کر رہی ہے، لیکن احتجاجی تحریک کو اس بار سنبھالنا جعلی حکومت کے بس سے باہرہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ججز کا غائب ہونا واضح ثبوت ہے کہ عمران خان کے خلاف تمام مقدمات جھوٹے ہیں، اگر مقدمات میں عمران خان کے خلاف معمولی ثبوت بھی ہوتے تو ججز کو سٹریچر پر بھی لا کر پیش کر دیا جاتا
انہوں نے کہا کہ کبھی جج کا اور کبھی وکیل کا غائب ہونا جعلی مقدمات کو طول دینے کی ایک چال ہے، 26ویں آئینی ترمیم نے ملک کے نظامِ انصاف کو جکڑ کر رکھ دیا ہے، لیکن اگر عدالتیں انصاف فراہم نہیں کرتیں تو سڑکوں پر آنا شہریوں کا حق ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ جعلی حکومت نے گولی چلانے کی آخری چال بھی چل لی، اب عوام کا وہ خوف بھی ختم ہوگیا اور دوبارہ نکلنے کے لئے تیار ہیں، یہ واضح ہے کہ جعلی حکومت نے ہی عوام کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کر دیا ہے، لیکن احتجاجی تحریک کو اس بار سنبھالنا جعلی حکومت کے بس سے باہرہوگا۔
صوبائی مشیر نے کہا کہ عوام اپنے محبوب قائد عمران خان کے لیے ہر وقت سڑکوں پر نکلنے کے لیے تیار ہیں، اس بار عوام پوری تیاری کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں گے اور جعلی حکومت کی ہر فسطائی کارروائی کا منہ توڑ جواب دیں گے۔
