ویب ڈیسک: بھارتی مسافر طیارہ احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں مسافروں سمیت 294 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک مسافر بچ گیا ۔
طیارہ احمد آباد ائیرپورٹ سے لندن جارہا تھا کہ ٹیک آف کرنے کے چند سیکنڈز بعد ہی گرکر تباہ ہوگیا،حادثے کے شکار طیارے میں عملے کے12اراکین سمیت 241افراد سوار تھے ۔
سابق وزیراعلی گجرات وجے روپانی، 169بھارتی شہری، 53برطانوی، ایک کینیڈین اور 7پرتگالی شہریوں سمیت 11بچے بھی طیارے میں سفرکررہے تھے ۔
ڈی جی سی اے نے تصدیق کی ہے کہ طیارہ پرواز کے فورا بعد "مے ڈے کال” دینے کے بعد ایئرپورٹ کے احاطے سے باہر جا کر کریش ہوا، طیارے میں آگ لگ گئی اور دھواں دور سے دیکھا گیا۔
ائیر انڈیا کی پرواز اے آئی 171 احمد آباد ائیرپورٹ سے روانگی کے وقت 322 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے محض 625 فٹ اوپر اڑ سکی اور پھر ٹیکنیکل طور پر گرکر تباہ ہوگئی۔
ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ٹیک کے آف کے دوران طیارہ ایک درخت میں الجھا جس کے نتیجے میں یہ حادثہ رونما ہوا۔ جہاز میں تکنیکی خرابی پیدا ہو جانے کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارہ ڈاکٹروں کے ہاسٹل پر گر کر تباہ ہوا جس میں ہونے والی جانی نقصان کے بارے میں ابھی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔
حادثے میں تقریباً 294افراد ہلاک ہو چکے ہیں، ان میں مسافروں کے علاوہ کچھ طلبا بھی شامل ہیں کیونکہ طیارہ اس عمارت پر گرا جہاں وہ ٹھہرے ہوئے تھے۔
حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقاتی ٹیم متحرک کر دی گئی ہے۔ ڈی جی سی اے، اے ڈی اے ڈبلیو، اور ایف او آئی کے نمائندے پہلے ہی احمد آباد میں موجود تھے اور اب تفصیلات اکھٹی کر رہے ہیں۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے گجرات کے وزیر اعلی، وزیر داخلہ اور پولیس کمشنر سے اس حادثے کے بارے میں بات کی ہے، انہوں نے مرکزی حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے احمد آباد میں ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے کے بعد وفاقی وزیر برائے شہری ہوابازی رام موہن نائیڈو کو فون کیا، ہوابازی کے وزیر احمد آباد روانہ ہو گئے ہیں تاکہ موقع پر امدادی کارروائیوں اور بچا کے کام کی نگرانی کر سکیں۔
