ویب ڈیسک: وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے۔
ابوظہبی کے البطین ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات کے صدر کے بھائی اور قومی سلامتی کے مشیر عزت مآب شیخ طحنون بن زاید النہیان نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔
متحدہ عرب امارات سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل عزت مآب علی احمد الشمسی، یو اے ای میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی اور پاستانی سفارتی عملہ بھی وزیر اعظم کے استقبال کیلئے موجود تھے۔
نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم متحدہ عرب امارات کی قیادت سے ملاقات کریں گے جس میں دو طرفہ علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔
یو اے ای کے صدر اور ابوظہبی کے فرمانروا عزت مآب شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر وزیرِ اعظم شہباز شریف متحدہ امارات کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔
