خیبرپختونخوا کا ریکارڈ ترقیاتی پروگرام

خیبرپختونخوا کا ریکارڈ ترقیاتی پروگرام ، 528ارب روپے مختص کرنے کی تجویز

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کا ریکارڈ ترقیاتی پروگرام، ئندہ مالی سال کے بجٹ میں 528ارب روپے مختص کرنے کی تجویز، صوبائی حکومت نے آئندہ برس اپنے وسائل سے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 195ارب روپے رکھنے کی سفارش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے آئندہ مالی سال کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پروگرام تجویز کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، آئندہ مالی سال میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے 528ارب روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ محکمہ ترقی و منصوبہ بندی خیبرپختونخوا ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کیلئے ترقیاتی پروگرام کا حجم 414ارب روپے سے زائد رکھا گیا تھا جس میں اب 114ارب کا اضافہ کرتے ہوئے آئندہ مالی سال کیلئے 528ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ تجویز کیا گیا ہے۔
صوبائی حکومت نے آئندہ برس اپنے وسائل سے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 195ارب روپے رکھنے کی سفارش کی ہے، اسی طرح مقامی حکومتوں کیلئے 45ارب 60کروڑ روپے رکھے جائیں گے، ضم اضلاع کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے33ارب رکھنے کی تجویز شامل کی گئی ہے۔ قبائلی اضلاع کے تیز رفتار ترقیاتی پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں کیلئے 50ارب رکھے جائیں گے۔
خیبر پختونخوا میں بین الاقوامی امدادی اداروں کے تعاون سے چلنے والے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 176ارب روپے سے زائد کے فنڈز رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ وفاقی حکومت کے تعاون سے چلنے والے ترقیاتی منصوبوں کیلئے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 29ارب رکھنے کی سفارش بجٹ میںشامل کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں شہری ترقی کے 45ترقیاتی منصوبوں کیلئے 9ارب 36کروڑ سے زائد کا ترقیاتی پروگرام تجویز کردیا ہے، شہری ترقی کے 16ترقیاتی منصوبے آئندہ برس مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ محکمہ ترقی و منصوبہ بندی خیبر پختونخوا کی جانب سے تیار کردہ ترقیاتی پروگرام کے مطابق شہری ترقی کے 45منصوبے آئندہ برس کے بجٹ میں شامل کئے گئے ہیں جس میں 36جاری منصوبے جبکہ 9نئے ترقیاتی منصوبے تجویز کئے گئے ہیں ۔
ذرائع کے مطابق ان منصوبوں کیلئے 9ارب 36کروڑ 52لاکھ 38ہزار روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے جس مین 36جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے 8ارب 48کروڑ52لاکھ 37ہزار جبکہ 9نئے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 88کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے، صوبائی حکومت نے شہری ترقیاتی منصوبوں میں 16کو آئندہ برس مکمل کرنے کا ہدف رکھا ہے جس میں 14جاری ترقیاتی منصوبے جبکہ دو نئے ترقیاتی منصوبے شامل ہیں جنہیں آئندہ برس شروع اور مکمل کیاجائیگا۔
خیبر پختونخوا کے شمالی علاقہ جات میں بیوٹیفکیشن اور انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے خیبر پختونخوا حکومت نے 6ارب 15کروڑ سے زائد کا ترقیاتی منصوبہ تجویز کر دیا ہے ۔ صوبائی حکومت نے شمالی اضلاع چترال اپر، چترال لوئر، سوات، دیر اپر، دیر لوئر، ملاکنڈ، بونیر، شانگلہ، کوہستان اپر، کوہستان لوئر، بٹگرام، ایبٹ آباد، کولائی پالس اور ہری پور میں اپ لفٹ، بیوٹیفکیشن، انفرسٹرکچر بحالی، یادگاروں کی بحالی، سٹریٹ لائٹس اور سبزہ زاروں کیلئے خصوصی منصوبہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا ہے اس منصوبے کی کل تخمینہ لاگت 6ارب 15کروڑ روپے لگائی گئی ہے ۔
خیبرپختونخوا کا ریکارڈ ترقیاتی پروگرام، ئندہ مالی سال کے بجٹ میں 528ارب روپے مختص کرنے کی تجویز، صوبائی حکومت نے آئندہ برس اپنے وسائل سے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 195ارب روپے رکھنے کی سفارش کی ہے۔

مزید پڑھیں:  ٹرمپ غزہ جنگ بندی اور نیتن یاہو اہداف کی تکمیل کیلئے کوشاں