ویب ڈیسک: صوبائی بجٹ میں آب رسانی منصوبوں کیلئے 10ارب 87کروڑ مختص کرنے کی تجویز پیش کر دی گئی، آب رسانی کے 75ترقیاتی منصوبے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے صوبہ بھر میں پانی سے جڑے 75ترقیاتی منصوبوں کیلئے 10ارب 87کروڑ سے زائد کا ترقیاتی پروگرام تجویز کردیا ہے جس میں 14منصوبے آئندہ مالی سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ یعنی آب رسانی کے 75ترقیاتی منصوبے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے گئے ہیں جن میں 51جاری جبکہ 24نئے ترقیاتی منصوبے ہیں ان منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 10ارب 87کروڑ 92لاکھ 23ہزار روپے مختص کرنے کی تجویز ہے جس میں51جاری منصوبوں کیلئے 6ارب 45کروڑ 22لاکھ 22ہزار روپے جبکہ 24نئے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 4ارب 42کروڑ 70لاکھ روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے .
صوبائی حکومت کی جانب سے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کیلئے 14منصوبوں کو آئندہ مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے جس میں 11جاری منصوبے جبکہ تین نئے منصوبے آئندہ مالی سال میں مکمل کئے جائیں گے۔
