ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میںآئندہ مالی سال کے بجٹ کے بعد سالانہ ترقیاتی سکیموں کیلئے فنڈ کے حوالے سے دستاویز جاری کر دی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ابتدائی وثانوی تعلیم کیلئے 13 ارب 51کروڑ روپے جبکہ نئی سکیموں کے لیے 73 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔
جاری دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ایمرجنسی سکول سپورٹ پروگرام کیلیے 1 ارب 19 کروڑ روپے کی تجویز پیش کرنے سمیت ٹیلی تعلیم شروع کرنے کے لیے 7 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں، جبکہ صوبے کے ستر سے زیادہ تاریخی سکولز میں سے 10 کو محفوظ بنایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق 100 متاثرہ پرائمری سکول کرائے کی عمارت میں منتقل کرنے کے لیے 38 کروڑ روپے، صوبے کے پرائمری اسکولز میں 500 کلاس رومز تعمیر کیے جائیں گے جن کے لیے 35 کروڑ 70 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں، جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں اعلی تعلیم کے لیے 6 ارب 27 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں کرائے کی عمارتوں میں 30 ڈگری کالجز کھولنے کے لیے 14 کروڑ 90 لاکھ روپے مختص کرنے سمیت ان کالجز میں فرنیچر، کتب ،آئی ٹی اور دیگر سامان کی فراہمی کے لیے 10 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ساتھ ہی پیش کی گئِی ہے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ بٹ خیلہ مالاکند میں گڑلز ڈگری کالج کے قیام کے لیے 1 کروڑ روپے، جنوبی وزیرستان میں ایجوکیشن سٹی منصوبہ کے لیے 5 کروڑ 3 لاکھ روپےمختص ، ضم اضلاع میں سرکاری کالجز انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز ٹیکنالوجی میں تبدیل کرنے کے لیے 6 کروڑ 76 لاکھ روپے جبکہ محکمہ اعلی تعلیم میں سٹریٹجک سپورٹ یونٹ کے قیام کے لیے 5 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ یاد رہے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ابتدائی وثانوی تعلیم کیلئے 13 ارب 51کروڑ روپے جبکہ نئی سکیموں کے لیے 73 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔
