ٹیسٹ چمپئن کا تاج جنوبی افریقہ

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن کا تاج جنوبی افریقہ کے سر سج گیا

ویب ڈیسک: آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن کا تاج جنوبی افریقہ کے سر سج گیا، اس کامیابی کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ ٹیم اپنے دامن پر لگا چوکرز کا داغ بھی مٹانے میں‌کامیاب رہی.
لارڈز کے تاریخی گراونڈ پر کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن کے فیصلہ کن میچ کے چوتھے روز جنوبی افریقہ نے 213 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا، تو اُسے تاریخی کامیابی کے لیے 69 رنز درکار تھے۔ اس موقع پر صرف ایک رن کے اضافے پر ہی کپتان ٹیمبا باووما وکٹ گنوابیٹھے، اُنہوں نے 66 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ایڈن مارکرم کے ساتھ تیسری وکٹ پر 147 رنز کی شراکت کے ذریعے ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا۔
ان کے بعد آنے والے بیٹر اسٹبس بھی مارکرم کا ساتھ نہ دے سکے، اور 241 کے مجموعی سکور پر 8 کے انفرادی سکور پر پویلین لوٹ گئے، ڈیوڈ بیڈنگھم اور مارکرم آہستہ آہستہ ٹیم کو کامیابی کی جانب لے جارہے تھے، اور فتح سے صرف 6 رنز کی دوری پر مارکرم بھی آؤٹ ہوگئے، وہ 136 رنز بناکر پویلین لوٹے، اُنہوں نے 207 گیندوں پر 14 باونڈریز بھی کراس کیں۔
اس سنسنی خیز موقع پر جہاں ایک طرف کینگروز جوکٹیں‌اڑا رہے تھے وہیں پروٹیز ہدف کی جانب بڑھنے کی کوشش کر رہے تھے، اس موقع پر درکار بقیہ 6 رنز بیڈنگھم اور ورینی نے حاصل کرکے اپنی ٹیم کو 27 برس بعد آئی سی سی ایونٹ کا ٹائٹل جتوادیا۔
جنوبی افریقہ نے 282 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا ، جبکہ اس کے ساتھ ہی 5 وکٹوں سے آسٹریلیا کو بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ بیڈنگھم 21 اور ورینی 4 رنز کیساتھ بیٹ کیری کر گئے، شاندار اننگز کھیلنے پر مارکرم پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔یہ پروٹیز کا آئی سی سی کا دوسرا ٹائٹل ہے، اس سے قبل 1998 میں ون ڈے چیمپیئنز ٹرافی جیتی تھی ، اس کے ٹھیک 28 سال بعد آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن کا تاج جنوبی افریقہ کے سر سج گیا.

مزید پڑھیں:  مردان میں چھت گرنے سے 2خواتین اور ایک بچہ زخمی