ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے خیبرپختونخوا بجٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے بجٹ میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا، لاکھوں بچوں کا سکول سے باہر ہونا، سیف سٹی منصوبہ مکمل نہ ہونا حکومتی نااہلی کا واضح ثبوت ہیں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے بجٹ میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا، پختونخوا میں 55 لاکھ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں، سیف سٹی منصوبہ بھی تاحال مکمل نہیں ہو سکا، جو حکومتی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔
عطاتارڑ نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے بجٹ کے حوالے سے عوامی مفاد پر مبنی کوئی تجاویز نہیں دیں، جبکہ وفاقی حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اور ٹیکس میں کمی کی ہے، ادھر شوگر انڈسٹری پر 30 فیصد ٹیکس کا اضافہ کیا گیا ہے تاکہ اشرافیہ سے مناسب ٹیکس وصول کیا جا سکے، ایف بی آر میں جاری اصلاحات کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
فلسطین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عطاتارڑ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کی ہے اور غزہ کے نہتے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی کھل کر مذمت کی ہے۔
