خیبرپختونخوا کا گڈگورننس روڈ میپ تیار

خیبرپختونخوا کا گڈگورننس روڈ میپ تیار، 7 ارب روپے سے زائد کا بجٹ مختص

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کا گڈگورننس روڈ میپ تیار کر لیا گیاہے، جس کیلئے 7 ارب روپے سے زائد کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں شفاف، موثر اور عوام دوست طرزِ حکمرانی کے لیے ایک جامع گڈگورننس روڈ میپ تیار کر لیا ہے، جس کے تحت تمام محکموں کے لیے واضح اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔ ان اہداف کے بروقت حصول اور پالیسیوں کے عملی نفاذ کے لیے بجٹ میں 6 ارب 99 کروڑ 40 لاکھ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔
اس حوالے سے جاری سرکاری دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کا گڈگورننس روڈ میپ تیار کیا گیا ہے، جس میں ہر محکمے کے لیے واضح سمت اور وقت کا تعین کیا گیا ہے، تاکہ کارکردگی میں بہتری، وسائل کے مؤثر استعمال اور عوامی خدمات کی فراہمی میں تیزی لائی جا سکے۔
بجٹ میں صحت کیلئے 2 ارب 84 کروڑ 90 لاکھ روپے، زراعت کیلئے 50 کروڑ روپے، ابتدائی تعلیم کیلئَے 15 کروڑ، معدنیات (مائنز اینڈ منرلز) کیلئے 70 کروڑ، مقامی حکومت و اعلیٰ تعلیم کے لئے 45 کروڑ جبکہ صنعت جکے شعبے کیلئِے 70 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔
گڈگورننس روڈ میپ میں سیاحت کے لئے 15 کروڑ روپے، سوشل ویلفیئر کے لئے 25 کروڑ روپے، ہاؤسنگ کے شعبے کیلئِے 10 کروڑ روپے اور کمیونیکیشن اینڈ ورکس کیلئے 30 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ صرف بجٹ تک محدود نہیں بلکہ اس کے نفاذ اور مانیٹرنگ کے لیے بھی مکمل انتظام کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن یونٹ قائم کیا جا رہا ہے جو منصوبے پر پیش رفت، شفافیت اور احتساب کو یقینی بنائے گا۔
حکام کے مطابق اس روڈ میپ کا مقصد صرف پالیسی سازی نہیں بلکہ اس پر عملی اقدامات کے ذریعے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ حکومت کا عزم ہے کہ محکموں کی کارکردگی کو باقاعدہ جانچا جائے اور غیر مؤثر عملدرآمد پر جواب دہی بھی ہو۔ یہ اقدام خیبرپختونخوا کو مؤثر گورننس کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  لوئر دیر میں بس کی ٹکر سے 2موٹر سائیکل سوار جاں بحق