ویب ڈیسک: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دنیا کو اسرائیل کی جوہری طاقت سے متعلق محتاط اور خوفزدہ ہونا چاہیے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں خواجہ آصف نے اسرائیل کی مسلسل جارحیت اور مغربی ممالک کی جانب سے اس کی حمایت پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نہ تو کسی بین الاقوامی نیوکلیئر ضابطے کا پابند ہے اور نہ ہی اس نے این پی ٹی پر دستخط کئے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا ہے کہ مغربی ممالک کو اسرائیل کے تنازعات پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔
وزیر نے کہا کہ اس کے برعکس پاکستان نے تمام بین الاقوامی نیوکلیئر ضوابط پر دستخط کئے ہیں اور اپنی جوہری صلاحیت کو صرف ملکی دفاع اورعوامی مفاد کیلئے استعمال کرتا ہے، جبکہ اسرائیل کا طرزِ عمل عالمی امن کیلئے خطرہ بن چکا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دنیا کو اسرائیل کی جوہری طاقت سے متعلق محتاط اور خوفزدہ ہونا چاہیے، اسرائیل واحد ملک ہے جو نہ کسی عالمی جوہری نظم و ضبط کا پابند ہے اور نہ ہی کسی دیگر عالمی جوہری معاہدے کو تسلیم کرتا ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ مغربی دنیا کو اسرائیل کی طرف سے پیدا ہونے والے تنازعات کی فکر کرنی چاہیے۔
