ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی بجٹ میں ووٹ نہ دینے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی سے رابطہ کر لیا۔
اس سلسلے میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمنٹ ہاس میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجا پرویز اشرف سے اہم ملاقات کی جس میں اپوزیشن کی ممکنہ مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اسد قیصر نے پیپلز پارٹی کے حالیہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی واقعی بجٹ بائیکاٹ کے حوالے سے سنجیدہ ہے تو پی ٹی آئی اس اقدام میں اس کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بجٹ جیسے اہم قومی معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کا متحد ہونا حکومت پر دبا ئوبڑھا سکتا ہے۔
اس موقع پر راجا پرویز اشرف نے اسد قیصر کو یقین دہانی کرائی کہ وہ پی ٹی آئی کی اس پیشکش کو پارٹی قیادت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سامنے رکھیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ بلاول بھٹو آج پارلیمنٹ آ رہے ہیں اور ان سے اس معاملے پر مشاورت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ملاقات ایسے وقت ہوئی ہے جب وفاقی بجٹ پر ایوان میں بحث جاری ہے اور مختلف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تنقید کا سلسلہ تیز ہو چکا ہے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے بجٹ پر حتمی موقف سامنے آنا باقی ہے، تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے کی جانے والی پیشکش نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔
