ویب ڈیسک: بنوں کے علما ء کرام نے جناح گریژن فیملی پارک بند کرنے اور کھیل کے میدانوں کی بحالی کا مطالبہ کر دیا۔
اس سلسلے میں اہم اجلاس مسجد حق نواز میں منعقد ہوا جس کی صدارت معروف مذہبی اسکالر مولانا عبدالغفار قریشی نے کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے کہا کہ نئی تفریح گاہیں کھول کر نوجوانوں کو بے راہ روی کی جانب دھکیلا جا رہا ہے، پارکوں میں غیر اخلاقی سرگرمیوں کو فروغ روش پاکستان کا امن و امان سبوتاژ کرنے کی سازش ہے ۔
اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ سپورٹس کمپلیکس، ہاکی گرائونڈ، جمخانہ کلب اور دیگر کو منظم کرکے عوام کے لئے بغیر فیس کے کھولا جائے، ڈیفنس کالونی کے ساتھ موجود زمین کو زراعت کے بجائے نوجوانوں کے لئے کھیل کے میدان میں تبدیل کیا جائے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ اقوامِ بنوں کے جاری احتجاجی تحریک کو دبانے کی کوششیں ہو رہی ہیں،ایپکس کمیٹی اور تاجروں کے ساتھ کئے گئے 16 نکاتی معاہدے پر ابھی تک عملدرآمد نہیں ہوا،16 نکات میں شیڈول فور سے نام نکالنا اور معطل پولیس اہلکاروں کی بحالی شامل ہیں ، وفا نہ ہونا افسوسناک ہے۔
اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ تمام بند راستے فوری طور پر کھولے جائیں ماسٹر فرمان علی شاہ کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے۔
فیملی پارک بند نہ کیا گیا تو عوامی تحریک شروع کی جائے گی”ہم پرامن تھے، ہیں اور رہیں گے، مگر ہمیں مجبور نہ کیا جائے۔
