عمران خان کے وکیل کے دلائل مکمل

9 مئی مقدمات میں عمران خان کے وکیل کے دلائل مکمل، پراسیکیوشن کل طلب

ویب ڈیسک: 9مئی کے 8مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمرانخان کے وکیل کے دلائل مکمل ہوگئے ، لاہور ہائیکورٹ نے پراسیکیوشن کو دلائل کے لئے کل طلب کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں درخواست ضمانتوں پر سماعت کی۔
عمران خان کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پراسیکیوشن کا کیس 15سو افراد پر مشتمل ہے، بانی پی ٹی آئی موقعہ پر موجود نہیں تھے، 9 مئی کے واقعہ پر بانی پی ٹی آئی اپنے تحفظات کا اظہار پہلے ہی کر چکے ہیں۔
نیب نے عدالت میں داخل ہو کر بانی پی ٹی آئی کو گرفتار کیا، بانی پی ٹی آئی کے خلاف ان 8 کیسز میں پولیس مدعی ہے، جب بانی پی ٹی آئی گرفتار ہوئے تو 11 مئی کو سپریم کورٹ نے انہیں رہا کیا۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی 9 مئی سے 11 مئی تک کسی سے رابطے میں نہیں تھے، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں کہ میرے پیچھے کیا ہوا ہے، انہوں نے کہا میں خود کو اس سے لا تعلق کرتا ہوں قانون اپنا راستہ خود لے گا۔
بانی کے وکیل نے دلائل دیئے کہ 14 ماہ تک پراسیکیوشن نے فوٹو گرامیٹک اور پولی گرافک ٹیسٹ کی کوئی درخواست نہیں دی، بانی پی ٹی آئی نے پولی گرافک ٹیسٹ نہ کرانے کی جامع وجوہات دیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف تاحال چالان نہیں آیا جبکہ سپریم کورٹ نے چار ماہ میں نو مئی کے تمام ٹرائل مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔
وکیل نے دلائل دیئے کہ اس کیس میں ایک ملزم اعجاز چودھری ہیں، اعجاز چودھری موقع پر موجود تھے، سپریم کورٹ نے ان کی ضمانت منظور کی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نے اپنے تمام دلائل مکمل کر لیے، لاہور ہائیکورٹ نے کل پراسیکیوشن کو دلائل دینے کی ہدایت کر دی۔

مزید پڑھیں:  مخصوص نشستیں : خیبر پختونخوا اسمبلی میں نئی پارٹی پوزیشن جاری کردی گئی