ویب ڈیسک: جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کا اگلا ٹارگٹ پاکستان ہوگا ۔
منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ امریکا سب سے منافق قوت کے طور پر سامنے آیا ہے، امریکا ایک طرف جنگ بندی کی بات کر رہا ہے اور دوسری طرف اسرائیل کو فوجی امداد بھی فراہم کررہا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ امریکا نسل کشی اور ناحق قتل عام کرتا ہے، تمام مسلم ممالک ایران کے ساتھ ہیں، کچھ ممالک جو اسرائیل کی پشت پناہی کر رہے ہیں وہ یاد رکھیں ان کا خواب گریٹر اسرائیل ہے، اسرائیل ایران میں مرضی کی رجیم چینچ کرکے اپنی سرحدیں بڑھانا چاہتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور امریکا کا اگلا ٹارگٹ پاکستان ہے جس کا اظہار وہ کبھی کرتے بھی ہیں، پاکستان کا ایٹمی پروگرام اسرائیل کو کھٹکتا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ امن کے نام پر ووٹ لے کر آنے والا ٹرمپ امن تباہ کر رہا ہے، ٹرمپ کی ثالثی مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کرسکتی، ایران کی حمایت کرنا مسلم ممالک کی ذمہ داری ہے ورنہ کوئی نہیں بچے گا۔
