ویب ڈیسک: پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنماء اور سابق صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا کو 26جون تک حفاظتی ضمانت دے دی ۔
پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما اور سابق صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کے مقدمات کی تفصیل کے لیے دائر درخواست پر سماعت جسٹس صاحب زادہ اسد اللہ اور جسٹس عبد الفیاض نے کی ۔
عدالت نے تیمور سلیم جھگڑا کو 26جون تک حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے صوبائی حکومت سے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی۔
درخواست گزار کے وکیل علی گوہر درانی ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار سابق صوبائی وزیر ہیں ان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل فراہم کی جائے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل اسحاق خلیل نے عدالت کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد میں ایک مقدمہ ہے ، نیب اور ایف آئی میں کوئی کیس اور انکوائری نہیں ہے ۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل جاوید خان کا کہنا تھا کہ ہم اپنا رپورٹ جمع کریں گے ہمیں تھوڑا وقت دیا ہے۔
سماعت کے دوران جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے تیمور جھگڑا سے استفسار کیا کہ لگتا ہے صوبائی حکومت کی آپ سے محبت کم ہوگئی ہے جس پر سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ اس پر کوئی بات نہیں کرنا چاہتا ۔
بعد ازاں عدالت نے تیمور سلیم جھگڑا کو 26 جون تک حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر صوبائی حکومت سے درج مقدمات کی رپورٹ طلب کرلی۔
