فاٹا لویہ جرگہ احتجاجی مظاہرہ

پشاور میں فاٹا لویہ جرگہ کا احتجاجی مظاہرہ ، ٹیکسز اور انضمام کیخلاف نعرے بازی

ویب ڈیسک: فاٹا لویہ جرگہ نے پشاور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیکسز اور انضمام کے خلاف نعرے بازی کی ۔
تفصیلات کے مطابق فاٹا لویہ جرگہ کے زیر اہتمام قبائلی عوام نے پشاور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں بڑی تعداد میں قبائلی مشران، نوجوان اور سول سوسائٹی کے نمائندگان شریک ہوئے۔
مظاہرین نے فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے خلاف اور قبائلی اضلاع پر لگائے گئے ٹیکسز کے خاتمے کے حق میں شدید نعرہ بازی کی۔
اس موقع پر مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فاٹا انضمام نامنظور، قبائلی روایات کا احترام کرو اور قبائلی علاقوں پر ناجائز ٹیکس ختم کرو جیسے نعرے درج تھے۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ قبائلی عوام کو ان کی پرانی حیثیت بحال کی جائے یا ان سے کم از کم مشاورت کے بغیر فیصلے نہ کیے جائیں۔
لویہ جرگہ کے رہنمائوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا انضمام سے قبائلی علاقوں میں نہ ترقی آئی اور نہ ہی امن قائم ہوا، بلکہ مسائل میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
مقررین نے مطالبہ کیا کہ قبائلی اضلاع کو آئینی، مالی اور انتظامی خودمختاری دی جائے، اور ان پر عائد تمام ٹیکسز فی الفور ختم کیے جائیں۔
مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار اسلام آباد تک بڑھایا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  عدالت نے اینٹی کرپشن کو سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شوکت کی گرفتاری سے روک دیا