ویب ڈیسک: ایران کی پاسدارانِ انقلاب اسلامی (IRGC)نے اسرائیل کی فوجی انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ (آمان)اور موساد کے ہیڈکوارٹر پرمیزائل حملہ کیا ہے ۔
ایرانی میڈیا کے مطابق آج صبح پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورسز نے صہیونی فوج کی انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ اور دہشتگردی کی منصوبہ بندی کے مرکز موساد کے ہیڈکوارٹر پر حملہ کیا، جس کے بعد ان عمارات میں آگ بھڑک اٹھی۔
رپورٹ کے مطابق پاسداران انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی اسرائیل کے جدید دفاعی نظام کے باوجود کامیابی سے مکمل کی گئی۔
اس سے قبل تل ابیب کے قریب واقع اسرائیلی فوجی انٹیلی جنس بیس "گلیلوت” کو بھی ایرانی میزائلوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 13جون کی شب اسرائیل نے "آپریشن رائزنگ لائن” کے تحت ایران کے جوہری پروگرام پر حملہ کیا، جس کے جواب میں ایران نے 24 گھنٹوں کے اندر بھرپور جوابی کارروائی کی۔
بعد ازاں تل ابیب اور تہران کے درمیان مسلسل میزائل حملوں اور جوابی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہا۔
دونوں فریقین نے جانی و مالی نقصان کی تصدیق کی ہے، تاہم سرکاری سطح پر دعوی کیا گیا ہے کہ نقصانات محدود رہے۔
