ویب ڈیسک: پاکستان کی نوبل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ اور غزہ کی صورتحال پر امریکہ کا کردار انتہائی مایوس کن ہے ۔
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز لائیو کے بزنس سمٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ جو کچھ اس وقت دنیا میں چل رہا ہے ہم سب جانتے ہیں، یہاں ابھی بیٹھے ہوئے ہم خواتین اور بزنس کے بارے میں بات کررہے ہیں اور سب بہت اچھا لگ رہا ہے لیکن اس کمرے سے باہر جاتے ہی ہم بہت سی پریشانیوں میں گھرے ہوں گے جیسے جو کچھ دنیا میں چل رہا ہے۔
ملالہ یوسفزئی نے کہا جو کچھ اسرائیل اور ایران کے درمیان ہورہا ہے یا جو سب غزہ میں چل رہا ہے، یا افغانستان کی خواتین کے ساتھ جو سلوک کیا جارہا ہے، یہ فہرست ایسے ہی جاری رہے گی، اگر ہم امریکا کا ان سب میں کردار دیکھیں تو یہ انتہائی مایوس کن ہے، امریکا کے پاس جو طاقت ہے یا جو وہ اثر رکھتا ہے وہ امن قائم کرنے میں ناکام رہا ہے، امریکا استحکام اور انسانی حقوق کی حفاظت کرنے میں ناکام رہا ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ میں امید کرتی ہوں کہ امریکا سب سے پہلے افغانستان میں موجود خواتین کے حقوق کے لیے کچھ اقدامات کرے گا اور عالمی سطح پر طالبان پر دبائو ڈالے گا اور خواتین ایکٹیوسٹ کے ساتھ کھڑا ہوگا، میں امید کرتی ہوں کہ امریکا اسرائیل کی جانب سے غزہ پر کی جانے والی نسل کشی سے متعلق کچھ کرے گا اور اسرائیل کو جنگ بندی پر آمادہ کرے گا’۔
ملالہ کا مزید کہنا تھا کہ امریکی حکومت کے ہاتھ میں بہت کچھ ہے، وہ لوگوں کی زندگیاں بچا سکتے ہیں اور انہیں بچانی چاہئیں میرا یہ پیغام امریکا کے نام ہے۔
