ویب ڈیسک: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے خبردار کیا ہے کہ ایران کبھی سرینڈر نہیں کرے گا، امریکا کی کسی بھی فوجی کارروائی کے سنگین اور ناقابل تلافی نتائج ہوں گے۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے سرکاری ٹی وی پر قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ ان کا ملک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کی اپیل کو قبول نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ امن یا جنگ ایران پر مسلط نہیں کی جا سکتی، ان کا مزید کہنا تھا کہ دانشمند لوگ جو ایران، ایرانی قوم اور اس کی تاریخ کو جانتے ہیں، وہ اس قوم سے دھمکی آمیز زبان میں کبھی بات نہیں کریں گے، کیونکہ ایرانی قوم ہتھیار نہیں ڈالے گی۔
ایران کے سپریم لیڈر نے واضح کیا کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کرکے سنگین غلطی کی ہے جس کی اسے سزا ملے گی۔
امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکیوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جو لوگ ایران کی تاریخ سے واقف ہیں، وہ جانتے ہیں کہ ایرانی دھمکیوں کا اچھے طریقے سے جواب نہیں دیتے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام اپنے شہدا کے خون اور اپنی سرزمین پر ہونے والے حملے کو کبھی نہیں بھولیں گے۔
