سیف سٹی پراجیکٹ پشاور کیلئے عملہ

سیف سٹی پراجیکٹ پشاور کی تکمیل کیلئے عملہ بھرتی کرنے کا فیصلہ،معاہدے پردستخط

ویب ڈیسک: سیف سٹی پراجیکٹ پشاور کی تکمیل کے لئے عملہ بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے لئے ٹیکنیکل اور آئی ٹی سٹاف کے درمیان معاہدے پردستخط ہو گئے ہیں ۔
اس سلسلے میں سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں سیف سٹی پراجیکٹ پشاور اور ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایوایلوایشن ایجنسی(ETEA) کے مابین ایک مفاہمتی یادداشت (MOU) پر دستخط کئے گئے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی پی ہیڈ کوارٹرز اول خان، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز رضوان منظور، پرنسپل سٹاف آفیسر برائے آئی جی پی عمران خان، ڈائریکٹر آئی ٹی نویدگل اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شہزادہ کوکب فاروق بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈائریکٹر سیف سٹی پراجیکٹ ڈی آئی جی رائے اعجاز احمد اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایٹا عادل سعید صافی نے معاہدے پر دستخط کئے۔
واضح رہے کہ سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت شہروں میں جدید کیمرہ مانیٹرنگ، انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز اور ایمرجنسی ریسپانس سسٹمز قائم کیے جا رہے ہیں۔ اس کے لیے ٹیکنیکل اور آئی ٹی عملے کا کلیدی کردار ہوگا۔
معاہدے کے تحت ایٹا تحریری امتحانات، ٹیکنیکل سکلز ٹیسٹ اور انٹرویوز کے ذریعے سیف سٹی پراجیکٹ پشاور کے لیے اہل امیدواروں کا انتخاب کرے گا، بھرتی کا عمل مکمل طور پر شفاف، منصفانہ اور میرٹ پر مبنی طریقہ کار کے تحت کیا جائے گا جس میں امیدواروں کی اہلیت کو اولین ترجیح دی جائے گی۔
منتخب شدہ امیدواروں کا جدید نگرانی کے نظام، سی سی ٹی وی نیٹ ورک، ایف آر سسٹم، ڈیجیٹل کمیونیکیشن اور دیگر سیکیورٹی سافٹ ویئرز پر تربیت یافتہ ہونا ضروری ہوگا۔
مزید یہ کہ بھرتی کیے جانے والے آئی ٹی ماہرین کو ڈیٹا پروٹیکشن کے عالمی اصولوں کے مطابق تربیت دی جائے گی تاکہ عوامی معلومات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر رہے کہ شہریوں کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام میں عوامی اعتماد بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ اس مقصد کے لیے سیف سٹی پراجیکٹ میں کمیونٹی انگیجمنٹ ماڈیول بھی شامل کیا گیا ہے، تاکہ عوام کو براہِ راست سیکیورٹی نظام سے جوڑا جا سکے۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوا حکومت کا ضم اضلاع سے متعلق وفاقی کمیٹی پرتحفظات کااظہار