عاصم منیر سے ملاقات اعزاز ہے

عاصم منیر سے ملاقات اعزاز ہے ، صدر ٹرمپ

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات اعزاز ہے، پاک بھارت جنگ بندی پر فیلڈ مارشل نے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پاکستان کی تاریخ کے پہلے چیف آف آرمی سٹاف بن گئے جنہوں نے وائٹ ہاؤس میں موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اعلیٰ سطحی ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہائوس میں اہم ملاقات کی ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جنگ روکنے کیلئے شکریہ ادا کرنے کیلئے مدعو کیا تھا۔
امریکی صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں کیبنٹ روم میں ظہرانہ دیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ آج فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا، ان کا شکریہ کہ وہ جنگ کی طرف نہیں گئے کیوں کہ پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جنگ روکنے کے لیے شکریہ ادا کرنے کے لیے ظہرانہ پر مدعو کیا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ فیلڈ مارشل سے ملاقات کے دوران حالیہ ایران اور اسرائیل کے معاملے پر بھی بات ہوئی، پاکستان ایران کو بہت زیادہ جانتا ہے جب کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات چیت ہورہی ہے۔
آرمی چیف کی امریکی صدر سے ملاقات کو اسلام آباد میں ایک بڑی سفارتی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ دوسری جانب، وائٹ ہاوس میں صحافیوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے متوقع سفارتی نتائج کے بارے میں ڈونلڈ ٹرمپ سے سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم پاک بھارت کشیدگی کو پاکستان کی طرف سے روکنے میں انتہائی موثر رہا ہے ۔
امریکی صدر نے بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جنگ روکنے کیلئے شکریہ اداکرنے کیلئے مدعو کیا تھا، ان سے ایران کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا، انہوں نے دوران ملاقات امریکی صدر کو پاک بھارت جنگ سے آگاہ کیا اور خطے میں امن وامان کی صورتحال پر گفتگو کی، فیلڈ مارشل نے اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر دفاع پیٹ ہیکسگتھ سے بھی ملاقات کی۔
سابق فوجی رہنما جیسے جنرل پرویز مشرف (مرحوم) نے امریکی صدور سے ملاقاتیں کیں مگر انہوں نے پاکستان کے صدر مملکت کی حیثیت سے ایسا کیا، جنرل راحیل شریف (2015) اور قمر جاوید باجوہ (2022) نے فوجی سطح کے مذاکرات کے لیے واشنگٹن کا دورہ کیا لیکن امریکی صدر سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات نہیں کی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر پاکستان کے پہلے آرمی چیف ہیں جنہوں نے کسی سویلین وفد کی موجودگی کے بغیر امریکی صدر سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی، جو اس سطح پر ایک غیر معمولی اور اہم تنہا مصروفیت کا نشان ہے۔ یاد رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات اعزاز ہے، پاک بھارت جنگ بندی پر فیلڈ مارشل نے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھیں:  ٹڈاپ میگا کرپشن سکینڈل: یوسف رضا گیلانی تمام مقدمات سے بری