ویب ڈیسک: سوشل ویلفیئر بحالی مراکز کے 182 ملازمین فارغ کر دیئے گئے، جس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ تفصیلا ت کے مطابق سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ خیبر پختونخوا نے اپنے زیر انتظام بحالی مراکز میں کام کرنیوالے182پراجیکٹ ملازمین کو30 جون کے بعد ملازمت سے فارغ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
یہ ملازمین مسلسل5سال سے نشئی افراد کی بحالی اور علاج میں اہم خدمات انجام دے رہے تھے۔ بحالی مراکز کے ملازمین کے مطابق انہیں بغیر کسی متبادل کے نوکریوں سے ہاتھ دھونا پڑ رہا ہے جبکہ حکومت نجی بحالی مراکز کو فنڈز فراہم کر رہی ہے، فارغ ہونے والے ملازمین نے صوبائی حکومت سے اپیل کی ہے کہ ان کی ملازمتوں کو بحال کیا جائے یا کم از کم معقول معاوضہ دیا جائے۔
واضح رہے کہ مذکورہ ملازمین عرصہ دراز سے بحالی مراکز میں کام کر رہے ہیں اور ہر سال ان کی ملازمت ختم کردی جاتی ہے تاہم عوامی دبائو کے نتیجہ میں ایک سال کیلئے توسیع مل جاتی ہے ان ملازمین کیلئے اب تک صوبائی حکومت کوئی مستقل حل تلاش نہیں کر سکی ہے۔
