عاصم منیر اور صدرٹرمپ کی ملاقات

فیلڈمارشل عاصم منیر اور صدرٹرمپ کی ملاقات، ایران اسرائیل جنگ پرتبادلہ خیال

ویب ڈیسک: فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدرٹرمپ کی ملاقات ، وائٹ ہاؤس اور اوول آفس میں ظہرانے پر تجارت اور توانائی سمیت ایران اسرائیل تنازع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کی جس دوران امریکی وزیر خارجہ سینیٹر مارکو روبیو، مشرق وسطیٰ امور کے امریکی خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف جبکہ پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ امریکی صدر اور فیلڈ مارشل کی اعلیٰ سطح کی ملاقات کابینہ روم میں ظہرانے کے موقع پر ہوئی جس کے بعد اوول آفس کا دورہ کیا گیا، فیلڈ مارشل نے پاکستان اور اس کے عوام کی جانب سے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے امریکی صدر کی اقوام عالم کے چیلنجز سمجھنےکی قائدانہ صلاحیتوں اور عالمی چیلنجزسے نبردآزما ہونےکی صلاحیتوں کو بھی سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اعلیٰ سطح کی ملاقات میں تجارت، معدنیات، مصنوعی ذہانت، توانائی اور کرپٹو کرنسی سمیت کئی شعبوں میں بھی دو طرفہ تعاون پر بات چیت کی گئی، جب کہ ملاقات میں صدر ٹرمپ نے پاکستان سے طویل المدتی سٹریٹیجک اشتراک اور مشترکہ مفادات پرمبنی تجارتی شراکت داری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈمارشل عاصم منیر اور صدرٹرمپ کی ملاقات میں ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ دونوں جانب سے ایران اور اسرائیل تنازع کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا گیا، پاک فوج کے سربراہ اور امریکی صدر کی ایک گھنٹے کی شیڈول ملاقات 2 گھنٹوں سے زیادہ جاری رہی، جس میں صدر ٹرمپ نے مشکل علاقائی حالات میں عاصم منیرکی قیادت اورفیصلہ کن کردارکو سراہا جب کہ سربراہ پاک فوج نے حکومت پاکستان کی جانب سے صدر ٹرمپ کو مناسب موقع پر دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات پاک امریکا دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانےکی کوششوں میں اہم سنگِ میل ہے۔

مزید پڑھیں:  شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث راولپنڈی میں چھٹی کا اعلان