ضلعی سطح پر سرکاری دفاتر

پشاور: ضلعی سطح پر سرکاری دفاتر آئی ٹی کی مدد سے چلانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: ضلعی سطح پر سرکاری دفاتر آئی ٹی کی مدد سے چلانے کا فیصلہ ، بیشتر سہولیات کی فراہمی آن لائن کی جائیگی ۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے سول سیکرٹریٹ پشاور کے بعد اب ضلعی سطح پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے سرکاری دفاتر چلانے کا فیصلہ کیا ہے، اس ضمن میں تجرباتی طور پر ایک ضلع کو ماڈل آئی ٹی سٹی بنایا جائیگا اور بیشتر سہولیات کی فراہمی آن لائن کی جائیگی جس کی کامیابی کے بعد اسے دیگر اضلاع تک وسعت دی جائیگی۔ محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبر پختونخوا ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے ضلعی سطح پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سرکاری دفاتر میں استعمال کو بڑھاتے ہوئے اس منصوبے کے تحت ایک ضلع کا انتخاب کیا جائیگا جہاں ڈپٹی کمشنر کے دفتر سے شروع کرتے ہوئے سب سے پہلے ضلعی انتظامیہ کے امور ڈیجیٹل کئے جائیں گے جس کے بعد ڈپٹی کمشنر کیساتھ منسلک تمام محکموں کے دفاتر صحت، ابتدائی و ثانوی تعلیم، مال، کھیل، زراعت ، بحالی و آبادکاری سمیت تمام 24محکموں کو بھی ڈیجیٹلائز کیاجائیگا ۔اگلے مرحلے میں تحصیل سطح پر ایک ایک سٹیزن فیسیلی ٹیشن سنٹر بھی قائم کئے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق شہریوں کیلئے انفارمیشن سنٹر بھی قائم کئے جائیں گے جبکہ شکایات سنٹر بھی قائم کئے جائیں گے اسی طرح ڈپٹی کمشنر کو سیف سٹی سمیت تمام متعلقہ امور کا ڈیش بورڈ بھی فراہم کیاجائیگا۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل کا یمن میں بڑا فضائی حملہ ، اہم بندرگاہوں اور بجلی گھر کو ہدف بنایا