ویب ڈیسک: محکمہ برقیات کے حکام کی پھرتیاں، بل ادائیگی کے باوجود فاٹا سیکرٹریٹ کی بجلی منقطع کر دی گئی، جس سے متعدد محکمہ جات کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا۔
ایک کروڑ دو لاکھ روپے سے زائد مالیت کے واجبات کی ادائیگی کے باوجود پیسکو نے فاٹا سیکرٹریٹ کو بجلی کی فراہمی منقطع کر دی ہے، بجلی کی بندش کے باعث محکمہ اطلاعات سمیت متعدد محکموں کا کام ٹھپ ہو کر رہ گیا۔
ورسک روڈ پر فاٹا سیکرٹریٹ جہاں محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے سیکرٹری اور ڈائریکٹر جنرل سمیت مختلف اہم محکموں اور حکام کے دفاتر واقع ہیں کو پشاور الیکٹرک کمپنی نے بجلی کی فراہمی منقطع کر دی، حالانکہ سیکرٹری محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ جو فاٹا سیکرٹریٹ کے سیکرٹری ایڈمنسٹریشن بھی ہیں کی جانب سے 17 جون کو بجلی کے واجبات کی مد میں 1 کروڑ 2 لاکھ سے زائد کل بل جمع کرایا ہے۔
بل ادائیگی کے باوجود فاٹا سیکرٹریٹ کی بجلی منقطع ہونے کے باعث محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ، محکمہ معدنیات و معدنی ترقی اور ڈائریکٹوریٹ جنرل صحت جیسے اہم اور حساس محکموں کا کام درہم برہم ہونے کے ساتھ ساتھ ان محکموں سے متعلق سائلین اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
فاٹا سیکرٹریٹ کے متعلقہ حکام نے بجلی کی بندش سے متعلق پیسکو حکام سے رابطہ کیا تو انہیں بتایا گیا کہ فاٹا سیکرٹریٹ میں قائم ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ آفس کے ذمہ بجلی بلوں کی مد میں اس دور کے بقایا جات واجب الادا ہیں جب ڈی جی ہیلتھ کا دفتر خیبر روڈ پر ہیلتھ سیکرٹریٹ میں ہوا کرتا تھا۔
