ویب ڈیسک: اسرائیلی دفاعی افواج نے 19جون 2025 کو کیے گئے فضائی حملے کی ویڈیو جاری کی ہے، جس میں ایران کے جزوی طور پر تعمیر شدہ اراک ہیوی واٹر ری ایکٹر (جسے خنداب ری ایکٹر بھی کہا جاتا ہے)کو نشانہ بنایا گیا۔
آئی ڈی ایف کے مطابق حملہ ری ایکٹر کے پلوٹونیم پیدا کرنے والے حصے پر کیا گیا تاکہ اسے جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے لیے استعمال ہونے سے روکا جا سکے۔
ایران نے اس ری ایکٹر کے بارے میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کو پہلے ہی مطلع کر رکھا تھا کہ یہ تنصیب اگلے سال سے آپریشنل کی جائے گی تاہم حملے کے وقت یہ ری ایکٹر غیر فعال تھا، اس میں جوہری مواد موجود نہیں تھا اور اس سے کسی قسم کا تابکار خطرہ نہیں تھا۔
ماہرانہ سیٹلائٹ تصاویر نے ری ایکٹر کو پہنچنے والے ظاہری نقصان کی تصدیق کی ہے، تاہم IAEA کا کہنا ہے کہ قریب موجود خنداب ہیوی واٹر پروڈکشن پلانٹ کو کوئی نقصان پہنچنے کا ثبوت فی الحال موجود نہیں ہے۔
ایران کی طرف سے فوری طور پر اس حملے پر شدید ردعمل متوقع ہے، خاص طور پر اس وقت جب ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی ایک ممکنہ وسیع تر جنگ کی شکل اختیار کر رہی ہے۔