ویب ڈیسک:پاکستان کے خوبصورت اور دنیا کے بلند ترین سیاحتی مقام شندور میں سالانہ شندور میلے کا آغاز ہو گیا ہے جو 22 جون تک جاری رہے گا۔
7ہزار فٹ سے زائد بلندی پر واقع شندور میدان اس تاریخی اور ثقافتی میلے کا مرکز بن گیا ہے جہاں ملک بھر سے سیاح اور مقامی شائقین بڑی تعداد میں پہنچ چکے ہیں۔
میلے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل جبکہ پولو کے جنون میں ڈوبے شائقین اور ماہر کھلاڑی شندور پہنچ چکے ہیں جہاں چترال اور گلگت بلتستان کی پولو ٹیموں کے درمیان دلچسپ، روایتی اور سنسنی خیز مقابلے ہوں گے۔
میلہ صرف کھیل تک محدود نہیں بلکہ علاقائی ثقافت کا جشن بھی ہے،تقریب میں پیراگلائیڈنگ اور پیراشوٹ کے شاندار مظاہرے پیش کیے جائیں گے جو شرکا کے لیے ایک منفرد تجربہ ثابت ہوں گے۔
ثقافتی سرگرمیوں میں چترالی، بلتی اور کیلاش رقص شامل ہیں جنہیں دیکھ کر سیاح خوب لطف اندوز ہوں گے میلہ مقامی ثقافت، موسیقی، رقص اور کھیلوں کے حسین امتزاج کے طور پر جانا جاتا ہے۔
گزشتہ سال خراب موسمی حالات کے باعث خیبر پختونخوا حکومت نے شندور میلہ منسوخ کر دیا تھا تاہم اس سال موسم خوشگوار ہے اور میلہ بھرپور جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔
