ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے ضلع کرم کے مرکزی شہر پارا چنار میں پینے کے صاف پانی کا سنگین بحران شدت اختیار کر گیا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق شہر اور مضافاتی دیہی علاقوں میں موجود چند محدود ٹیوب ویلز ناکافی ہو چکے جبکہ پانی کی فراہمی کے موجودہ نظام میں گندے اور آلودہ پانی کی آمیزش نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
دوسری جانب بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے ٹیوب ویلز کی فعالیت کو بھی شدید متاثر کیا ہے، جس سے پانی کی قلت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پینے کے صاف پانی کے لیے روزانہ کئی کلومیٹر پیدل سفر کرنا پڑتا ہے، یا پھر مہنگے داموں پانی خریدنا پڑتا ہے، جو غریب طبقے کے لیے ممکن نہیں۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور ٹیوب ویلز کی تعداد میں اضافہ، فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب اور بجلی کے متبادل ذرائع فراہم کیے جائیں۔
