ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں جاری بجلی بحران پر حکمران جماعت پی ٹی آئی اور اے این پی میں لفظی جنگ چھڑ گئی ۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اے این پی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خیبرپختونخوا کی بجلی کا حق وفاق سے مانگیں۔
اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر تعلیم سردار حسین بابک نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، مگر لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرانی اور ناکارہ ٹرانسمیشن لائنیں بجلی کا دباو برداشت نہیں کر سکتیں مگر صوبائی حکومت اور پی ٹی آئی کے نمائندے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔
سردار حسین بابک نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے ایم این ایز میں وفاق سے بات کرنے کی ہمت نہیں، کیونکہ ان کی پوری سیاست صرف ہمارے لیڈر کو رہا کرو اور اسلام آباد مارچ جیسے نعروں تک محدود ہو چکی ہے۔
سردار حسین بابک کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں جاری بجلی بحران نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے، جبکہ سیاسی جماعتیں اس مسئلے پر ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہرا رہی ہے ۔
